کوئٹہ: بلوچ لاپتہ افراد کے احتجاجی ریلی پر پولیس کاحملہ، شیلنگ و لاٹھی چارج

0
273

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں زیارت میں جعلی مقابلے میں لاپتہ بلوچ افراد کو قتل کرنے کیخلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں پاکستانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے خواتین، بچوں اور دیگر مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔

مظاہرین پرامن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے تھے۔

مظاہرین ریلی کی صورت میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے ریڈ زون میں داخل ہوئے تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے ذریعے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کی جانب سے متعدد مظاہرین پر تشدد بھی کیا گیا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پولیس کی تشدد سے متعدد افراد زخمی بھی ہیں جن میں خواتین وبچے بھی شامل ہیں۔

اس پر امن احتجاجی ریلی و مظاہرے کا اعلان گذشتہ روزنصر اللہ بلوچ کے سربراہی میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، بلوچ یکجہتی کمیٹی، بلوچ وومن فورم، بی ایس او اور بی ایس او پجار کے ایک مشترکہ اجلاس میں ہوا۔

اجلاس میں حالیہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے بلوچ لاپتہ افراد کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست کی جانب سے لاپتہ افراد کو تخریب کار کہہ کر ان کو قتل کیا گیا ہے حالانکہ یہ تمام لوگ جبری طور پر لاپتہ ہوئے، ان تمام کی جبری گمشدگی کے ثبوت وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے ساتھ موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہیے کہ ریاست اور اس کے ادارے لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدہ لے کر ان کو حل کرنے کی کوشش کریں لیکن حکومتی اداروں کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے ان کو جعلی مقابلے میں قتل کرکے ان کی لاشیں پھینکی جاتی ہیں۔

اجلاس کے آخر میں مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے لاپتہ افراد کو قتل کرکے لاشیں پھینکنے کیخلاف 21 جولائی کو 12 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ لہٰذا تمام طبقہ فکر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here