بلوچستان کے تحصیل سونمیانی وندر کے مضافاتی علاقے دودہ وسڑہ بالا کے گوٹھہ سفر دودہ اور اس سے متصل گوٹھوں میں مضرصحت پانی استعمال کرنے سے متعدد افراد ہیضے کی بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ حکام کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 18 کے قریب ہیضے سے متاثرہ خواتین، بچوں اور مردوں کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت میں میڈیکل کی سہولیات فراہم کی گئی جبکہ ایک مریض کو حب ریفر کردیا گیااور اب تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہرہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ کے مطابق متعلقہ گوٹھوں کو پینے کا پانی سپلائی کرنے کیلیے تعمیر کیے گئے پینے کے پانی کی ٹینکیوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب ان میں اسٹاک کیے جانے والا پانی انسانی صحت کیلیے انتہائی نقصان دہ ہونے کے باعث مضر صحت ہوگیا تھا جس کے پینے کے باعث گوٹھوں کے مکین ہیضے کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے جن کو فوری طور پر قریبی دیہی مرکز صحت کے سینٹر میں پہنچا کر ان کو میڈیکل کی سہولت فراہم کی گئی اور مرض کو مزید پھیلنے سے کنٹرول کیا گیا۔