بے فیض ہوتے ہی عمران حکومت دھڑام سے نیچے آگری، مریم نواز

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے فتح جنگ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے فیض ہوتے ہی عمران حکومت دھڑام سے نیچے آگری۔

ان کا کاکہنا تھا کہ ’ایک تقرری کیا ہوئی، عمران خان کی آنکھیں بھی گئیں، کان بھی گئے، بے فیض ہوتے ہی عمران حکومت دھڑام سے نیچے آگری۔‘

مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران نے علیمہ خان کے دفاع میں کبھی بیان نہیں دیا لیکن فرح خان کا ٹی وی پر آکر دفاع کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک وزیرِ اعظم نواز شریف اور دوسرا شاہد خاقان عباسی پاکستان کے دو وزرائے اعظم ایسے ہیں جنھوں نے عہدہ چھوڑنے کے بعد کوئی سرکاری گاڑی نہیں لی۔

اُنھوں نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ سبکدوش ہونے کے بعد 15 کروڑ کی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو ساتھ لے گئے۔ اس کے بعد مریم نواز نے فارن فنڈنگ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے عمران خان پیسے باہر سے وصول کریں اور استعفیٰ الیکشن کمیشن آف پاکستان دے؟

اُنھوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان نے خود لگایا اور جب فارن فنڈنگ میں اُن کی ’چوری پکڑی گئی‘ ہے تو استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ابھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے ہوئے ابھی ایک مہینہ ہوا ہے کہ آٹا اور چینی سستی ہو گئی ہے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نواز شریف پر الزام عائد کرتے رہے کہ اُنھوں نے ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر لی، تو وہ بجلی پھر عمران دور میں عوام کو کیوں نہیں دی جا رہی تھی؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود اپنے مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں تو پچھلے جولائی سے جانتا تھا کہ سازش ہو رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان نے کہا کہ اصل میں بات یہ تھی کہ جس شخص نے میری حکومت سنبھالی ہوئی تھی وہ میری آنکھیں اور کان تھا۔‘

مریم نواز نے کہا کہ وہ شخص آپ کے آنکھ اور کان نہیں بلکہ آپ کے ہاتھ تھا جس سے آپ سیاسی مخالفین کی گردنیں دبوچتے تھے، وہ بیساکھیاں تھیں جس سے آپ ’بے فیض ہوئے‘ تو حکومت دھڑام سے زمین پر آ گئی۔

Share This Article
Leave a Comment