پشتونخواملی عوامی پارٹی بلوچستان کے ایک جاری کردہ پریس ریلیز میں نوکنڈی کے صحرائی علاقے ریگستان میں چار ڈرائیورں کی انسانیت سوز ہلاکتوں اورپک اپ ڈرائیورحمید اللہ پرسیکورٹی فورسز کی فائرنگ وشہید ودیگر افراد کے زخمی کرنے کے الگ الگ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاستبلوچستان کے غریب عوام کو اپنے جائز کاروبار،محنت مزدوری اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے روزگار کے حق سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ اب تشدد، فائرنگ، زخمی اوران کے قتل عام پر اتر آئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نوکنڈی کے سرحدی علاقے میں تجارت کرنیوالے سینکڑوں لوگوں کے گاڑیوں کو ضبط کرنے اور انہیں ویرانے میں چھوڑ نے کے افسوسناک عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ شہر سے میلوں دورریگستان میں تھپتی دھوپ میں ان ڈرائیورزکو چھوڑ دیا گیا شدید گرمی اور بھوک وپیاس کے باعث اُسی ریگستان میں وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح ڈرائیور حمید اللہ پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے انہیں شہید کیا ان واقعات کے خلاف تفتان کوئٹہ شاہراہ نوکنڈی میں پر احتجاج کرنیوالے پر امن شہریوں پر بھی تشدد اورانہیں زخمی کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعات آئین کے آرٹیکل 9کی خلاف ورزی ہے جبکہ فورسزکے سامنے بے بس بلوچستان حکومت کی خاموشی افسوسناک ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک کے دیگر سرحدی علاقوں میں ہر قسم کی آمدورفت وتجارت کا حق ہر شہری کو حاصل ہے جبکہ اس پشتون بلوچ صوبے کے غریب عوام پرہر قسم کے جائز کاروبار اور محنت ومزدوری کے مواقع ختم کیئے جارہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیورنڈ لائن چمن، بادینی اور تفتان، پنجگور سمیت تمام سرحدی علاقوں میں اس صوبے کے عوام کا کاروبار کا حق حاصل ہے جو کہ نہیں دیا جارہا ہے اور یہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا واقعات میں ملوث سیکورٹی فورسز کے آفیسر ز واہلکاروں کی ظلم وجبر پر مبنی عوام دشمن واقعات میں ملوث منفی کردار کو عوام کے سامنے لاتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ کیلئے ایسے انسانیت دشمن، عوام دشمن واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں اور شہید وزخمی ہونیوالے خاندانوں کو انصاف مہیا کرتے ہوئے ان کی مدد کی جائے۔
پارٹی بیان میں شہید ہونیوالے ڈرائیور اور دیگر چار شہریوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ہے۔