بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کوئلہ کان میں کام کرنے والا مزدور ہلاک ہوگیا۔
لاش کومچھ ہسپتال میں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کی مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مچھ کے ایک کوئلہ کان میں کام کرنے والے مزدور عبدالغنی ولد عبدالوتار کرد کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
تاہم وجہ قتل معلوم نہ ہوسکی۔
مچھ پولیس نے لاش ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا اور نامعلوم کی تلاش شروع کردی۔
دوسری جانب ڈیرہ اللہ یار میں ایک ہی خاندان کے تین بچے تالاب میں ڈوب گئے جن میں 2 ہلاک جبکہ ایک کوبے ہوشی کی حالت میں زندہ نکال لیا گیا۔
شہر کی میرالی کالونی کے رہائشی گلزار برڑو کے خاندان کے تین بچے شدید گرمی سے نڈھال ہو کر تالاب پر نہانے گئے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق تینوں بچے تالاب کے کنارے نہا رہے تھے کہ پھسلن ہونے کے باعث تینوں بچے تالاب میں گر گئے۔
تالاب کی گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے 7 سالہ فراز، 8 سالہ بسم اللہ اور 10 سالہ نصیب اللہ ڈوب گئے۔
تینوں بچے کافی دیر تک تالاب میں بے یارومددگار غوطے کھاتے رہے۔
اسی دوران 7 سالہ فراز اور 8 سالہ بسم اللہ جان کی بازی ہارگئے تاہم 10 سالہ نصیب اللہ کو اہل محلہ نے بے ہوشی کی حالت میں زندہ باہر نکال لیا۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی لاشیں اور بے ہوش بچے کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار لایا گیا جہاں بے ہوش بچے کو طبی امداد دی گئی۔
ہلاک ہونے والے دونوں بچوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر قیامت برپا ہوگیا۔
اسی طرح لسبیلہ میں یونیورسٹی کے قریب قومی شاہراہ پر کار اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح لسبیلہ میں لسبیلہ یونیورسٹی کے قریب قومی شاہراہ پر کار اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں سجاد سکنہ آواران مو قع پرہلاک جبکہ غلام قادر سکنہ اوتھل زخمی ہوگیا۔
ایدھی ایمبولیس کے ذریعے لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا۔
زخمی کو طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
واضع رہے کہ اس سنگل روڑ پر آئے روز حادثات کی وجہ سے ایسے خونی شاہراہ کا نام دیا گیا ہے اسی سنگل روڑ پر آئے روز ٹریفک حادثوں سے سالانہ سینکڑوں مسافر اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور ہزاروں زخمی ہوکر معزور ہوجاتے ہیں عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت سے اس اہم شاہراہ کو دو رویہ سٹرک تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔