بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے بھوسہ منڈی میں سی ٹی ڈی کی مبینہ کارروائی میں تین مشتبہ افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان نے دعویٰ کیا ہے کہ 25فروری کو کوئٹہ کے علاقے بھوسہ منڈی میں ہوٹل پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ میں اے ایس آئی سمیت دو اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے واقعہ کی تحقیقات کے دوران امداد اللہ نامی مشتبہ فرد کو گرفتار کیا جس نے بھوسہ منڈی پر پولیس اہلکاروں اور پشین میں لیویز سپاہی میروائس پر حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر سی ٹی ڈی نے اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کیا تو مشتبہ افراد نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہوتے ہوئے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں تین مشتبہ افراد امداد اللہ، عبدالحنان، ملا قیوم ہلاک ہوگئے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک شدگان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی بمعہ 2میگزین،47گولیاں، ایک ٹی ٹی پستول بمعہ 1میگزین اور10گولیاں، ایک موٹرسائیکل، تین ہینڈ گرینیڈ برآمد کر لئے گئے۔
ترجمان کے دعوے کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا۔
ہلاک افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب جمعہ کو کوئٹہ کے نو احی علا قے مشر قی بائی پاس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔
جس کی شناخت میوہ خان کے نام سے ہوگئی ہے۔
پو لیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا کر ضرروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔