سعودی عرب کی ریاستی سلامتی کی صدارت نے یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی مالی معاونت کی سرگرمیوں میں سہولت کاری پر25 افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جمعرات کو خبر دی ہے کہ یہ فیصلہ ”دہشت گرد“تنظیموں اور ان کے مالی معاونین کو نشانہ بنانے کی مملکت کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے اور یہ اقدام امریکا کے ساتھ بالخصوص اس کے محکمہ خزانہ اور محکمہ خارجہ کے اثاثہ جات کنٹرول کے فیصلوں سے مربوط ہے۔
سعودی صدارت برائے ریاستی سلامتی نے کہا کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کی حمایت سے ”دہشت گرد“حوثی ملیشیا کی مالی معاونت میں سہولت مہیا کرنے کے الزام میں 10 افراد اور 15 اداروں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ افراد اور ادارے”ایک بین الاقوامی نیٹ ورک“کے طورپرکام کرتے ہیں جس کا مقصد یمن کو عدم استحکام سے دوچارکرنا ہے۔
دہشت گردی کے جرائم سے نمٹنے کے بارے میں مملکت کے نظام اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے انتظامی میکانزم کی بنیاد پر تمام بلیک لسٹ افراد اور اداروں کے اثاثے اور فنڈز منجمد کیے جارہے ہیں۔یہ نظام اور میکانزم دہشت گردی سے نمٹنے اوردہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق ہیں۔
ریاستی سلامتی کی صدارت نے کہا کہ ان افراد اور اداروں سے براہ راست یا بالواسطہ یا ان کی جانب سے یا ان کے حق میں کسی قسم کی معاملہ کاری کی ممانعت کردی گئی ہے۔
بلیک لسٹ قرار دیئے گئے افراد اور اداروں کی فہرست میں چرنجیو کمار سنگھ، بھارتی شہری،منوج سبھروال، بھارتی شہری،عبدہ عبداللہ داعل احمد، یمنی شہری،سید احمد محمد الجمال، یمنی شہری،ہانی عبدالمجید محمد اسعد، یمنی شہری،طالب علی حسین الاحمد الراوی، شامی شہری،عبدالجلیل ملاح، شامی شہری،قسطنطینوس سٹاریڈس، یونانی شہری،جامی علی محمد، صومالی شہری،عابدی ناصرعلی محمود، برطانوی شہری،اورم شپ مینجمنٹ ایف زیڈ سی،پریڈاٹ شپنگ اینڈ ٹریڈنگ ایل ایل سی،جے جے او جنرل ٹریڈنگ گیڈا سینائی وی ٹیکرٹ انونیم سرکیٹی،گرانتی اہرکاٹ اتھلت کویومکولک دیس ٹیکرٹ لمیٹڈ سرکیٹی،الفولک ٹریڈنگ کمپنی ایل ایل سی،العالمیہ ایکسپریس کمپنی برائے تبادلہ زر،الحاد ایکسچینج کمپنی،ایڈون جنرل ٹریڈنگ گیڈا سینائی وی ٹیکرٹ انونیم،سوید اینڈ سنزبرائے کرنسی ایکسچینج،ایڈون جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی،امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کے لیے معاذعبداللہ ڈیل،فانی آئل ٹریڈنگ ایف زیڈ ای،ایڈون جنرل ٹریڈنگ کمپنی ایف زیڈ ای،ٹرپل سکس(666) ویسل (آئی ایم او 9167148) اورہلکا چاند ویسل (آئی ایم او 9109550) شامل ہیں۔