بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے دو بھائیوں اور ایک 60سالہ بزرگ کو حراست میں لیکرجبری طور پر لاپتہ کردیا۔
ضلع کیچ کے علاقے کولواہ میں گذشتہ دنوں فورسز نے فوجی جارحیت کے دوران ایک 60سالہ بزرگ کو حراست میں لیکرجبری طور پر لاپتہ کردیاہے۔
لاپتہ کئے گئے بزرگ کی شناخت شاہ دوست کے نام سے ہوگئی ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق شاہ دوست اپنے مال مویشیوں کو چرارہا تھا کہ فورسز نے انہیں حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔
اسی طرح اکیس مارچ کو رات گئے تین بجے فورسز نے تربت کے علاقے آبسر بلوچی بازار میں چھاپہ مارکر دو بھائیوں کو جبری گمشدگی کا شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ لاپتہ ہونے والے بھائیوں کی شناخت ریاض رضا اور نیاز رضا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں بھائی پیشے کے لحاظ سے سرکاری ملازم ہیں ان میں ریاض رضا لیویز فورس میں کمشنر دفتر میں وائر لیس آپریٹر ہیں۔ نیاز رضا پاکستان نیوی میں سابقہ ایس ایس جی کمانڈو بھی تھا اور ابھی ٹاسک فورس برائے پرائز کنٹرول کمیٹی کا انجارج ہیں۔
دوسری جانب گذشتہ دنوں پنجگور کے علاقے پروم سے فورسز کے ہاتھوں اغواء ہونے والے ظہور ولد محمد علی، اصغر ولد محمد علی، اشفاق ولد عبدالخالق اور شکور ولد عبدالغفور بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔