کوئٹہ اور پنجگور سے مزید4 افرادفورسز ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

مقامی میڈیا ”دی بلوچستان پوسٹ“نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کوئٹہ اور پنجگور سے مزید 4 افراد کو پاکستانی سیکورٹی اداروں نے حراست میں لیکر جبری طور پرلاپتہ کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی سیکورٹی ادارے ایف سی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے رات گئے کوئٹہ کے علاقے فیض آباد میں واقعہ حاجی نوراللہ سرپرہ نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔فورسز نے تلاشی کے دوران دو نوجوانوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

لاپتہ کئے گئے افراد کی شناخت فرہاد سرپرہ ولد حاجی نوراللہ سرپرہ اور ثاقب زیب سرپرہ ولد حاجی نثار سرپرہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

فورسز نے حاجی نوراللہ سرپرہ گھر پر تلاشی کے دوران گھر میں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے گذشتہ رات ہی فورسز نے حاجی نثارکے گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے اسکے ایک اور بیٹے اور ثاقب زیب کے بھائی ہارون ولید سرپرہ کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا تھا۔تینوں نوجوانوں کا بنیادی تعلق مستونگ کے علاقے گردگاپ سے ہیں۔

دوسری جانب پنجگور سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فورسز نے پنجگور کے علاقے وشبود سے دو بھائیوں اکرم اور احمد کو گذشتہ رات حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ گذشتہ رات پنجگور سے حراست بعد لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد سات ہوگئی۔

اس سے قبل فورسز نے پنجگور کے مختلف علاقوں سے پانچ افراد کو لاپتہ کردیا تھا جن میں ملک میران، بالاچ، عقیل، اور شبیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment