گنداخہ اور دکی میں فائرنگ اورکوئلہ کان حادثے میں 2کانکن سمیت 3افراد ہلاک ہوگئے۔
بلوچستان کے علاقے گنداخہ تھانہ کے حدود میں نا معلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
جس کی شناخت استاد محمد افضل انڑ کے نام سے ہوگئی۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ استاد محمد افضل باغ ٹیل سے واپس اپنے گوٹھ نوشکی جدید جا رہا تھا کہ اسے سہرانی گوٹھ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ہلا ک کر دیا اور فرار ہو گئے۔
ہلاکت کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جا رہی ہے تاہم پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔
مزید کارروائی گنداخہ پولیس کر رہی ہے۔
دریں اثنا دکی میں کوئلہ کان میں ٹرالی کی رسی ٹوٹنے کے باعث دو کانکن ہلاک ہو گئے۔
تفصیلا ت کے مطابق منگل کو دکی کی مقامی کوئلہ کان میں ٹرالی کا رسی ٹوٹنے کے دو مختلف واقعات میں ٹرالی کی زد میں آکر اخترمحمد ولد خان محمد روح اللہ ولدروزی محمدقوم ہوتک سکنہ افغانستان ہلاک ہو گئے۔
کان انتظامیہ نے لاشوں کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کرکے افغانستان روانہ کردی گئیں۔