بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام اور اس سلسلے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہر انتظامی افسر کو تین روز تک اپنے علاقے میں گھر گھر جا کر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ایس پی اور تحصیلدار اپنے اپنے علاقوں میں تین دن تک تسلسل کے ساتھ عوامی آگاہی مہم چلائیں گے۔
اس دوران احتیاطی معلومات پر مبنی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے اور پولیو ورکرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی مہم میں شامل کیا جائے گا جو گھر گھر جاکر احتیاطی تدابیر کا پیغام پہنچائیں گی۔
اجلاس میں صوبے کے واپس آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں علیحدہ علیحدہ رہائش کی سہولت دینے کے انتظامات کو فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں چمن میں قائم کیے جانے والے قرنطینہ میں تمام ضروری پروٹوکول کو یقینی بنانے اور زیادہ سے زیادہ غسل خانوں کی تعمیر کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ این ڈی ایم اے نے رہائش اور غسل خانوں کی سہولت سے آراستہ 900 کنٹینر روانہ کئے ہیں جن میں سے 600 کنٹینر تفتان اور 300 کوئٹہ کے لئے ہیں۔