کوئٹہ : سی ٹی ڈی کا داعش کا اہم کمانڈر سمیت 6 ساتھیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر ایک کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران کالعدم تنظیم داعش کے 6 دہشتگرد ہلاک اور5 فرار ہوگئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد دہشتگرد کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز، اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔

اس مقصد کیلئے کالعدم تنظیم داعش کے مقامی کمانڈر اصغرسمالانی مشرقی بائی پاس پر ایک کمپاؤنڈ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی ٹیم نے ہفتہ کی شب مشرقی بائی پاس کیو ڈی اے گراؤنڈ کے قریب ایک مکان کو گھیر ے میں لیا۔

اسی دوران مکان میں موجود دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

جوابی فائرنگ میں داعش کے مقامی اہم کمانڈر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے جس میں بم نصب کیا گیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین ایس ایم جی رائفل، دو سو گولیاں، دو نائن ایم ایم پستول، ایک دستی بم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 سے 5 دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی نعشیں شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے ہلاک ہونے والے داعش کے اہم کمانڈ ر اصفر سمالانی کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر کی تھی۔

عوامی حلقوں میں سی ٹی ڈی کے اس طرح کے کارروائیوں اور دعوؤں کو مثبت نہیں لیا جاتا کیونکہ سی ٹی ڈی کے اکثر کارراوئیاں جعلی ثابت ہوئیں جو پہلے سے لاپتہ افراد کوجعلی مقابلوں میں مارچکی ہے اورکئی کو بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں سے تعلق بتاکر ظاہر کرکے جیل میں ڈال دی گئی ہے۔

مذکورہ کارروائی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے کیونکہ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں دوٹوک کہہ چکی ہیں کہ سی ٹی ڈی سویلین فورس کی بھیس میں فوج اور خفیہ اداروں کا نیا ہتھیار ہے جو جعلی مقابلوں میں جبری گمشدہ بلوچ فرزندوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کی جرم کے درجنوں واقعات کا ذمہ دار ہے۔

Share This Article
Leave a Comment