ضلع کیچ : ڈنک میں فورسز کی بلاجواز فائرنگ سے لوگوں میں خوف وہراس

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ڈنک میں پاکستانی ملٹری فورسزایف سی کی شب و روز بلاجوازفائرنگ کی وجہ سے لوگ سخت خوف و ہراس اور ذہنی تناؤکا شکار ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈنک میں موجود ایف سی کیمپ لوگوں کے لیے درد سر بن گیاہے۔شب و روز فائرنگ کرکے علاقے میں خوف وہراس پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا جواز فائرنگ کرنا ایک احمقانہ عمل ہے۔

علاقہ مکینوں نے تمام سیاسی و سماجی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ ایف سی کے اعلیٰ افسران اس کیمپ والوں کو سمجھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس عمل سے باز نہ آئیں تو مجبوراً علاقے کے لوگ اس کیمپ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پہلے بھی فورسزاہلکاروں نے اس طرح کی حرکت کی تھی اور اب پھر بلا جواز فائرنگ کر رہے ہیں جس سے علاقے میں خو ف و ہراس پھیل گیا ہے۔ لوگ ذہنی کوفت اور تناؤ کا شکار ہیں۔

واضع رہے کہ مکران بھر میں پاکستانی فورسز پر بلوچ آزادی پسند جنگجوؤں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ریاستی فورسز میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جس سے نہ صرف وہ چوبیس گھنٹہ چوکنا ہیں بلکہ اپنی حفاظت اور ان کے حملوں کو روکنے کیلئے مختلف تدابیرکرتے رہتے ہیں۔ڈنک میں بلاجواز فائرنگ اسی کا تسلسل ہوگا۔

اسی طرح تربت شہر کے گلی محلوں میں فورسز باڑ لگاکر راستے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کیلئے بندکررہے ہیں تاکہ ان پر ہونے والے حملوں کو روکا جاسکے لیکن دوسری طرف شہریوں کیلئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں اور وہ ان بندشوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment