کوئٹہ سول سیکرٹریٹ میں ایک لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ سوراب اوربیلہ میں روڈ حادثے سے 3افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تویشناک بتائی جارہی ہے۔
سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں محکمہ آب پاشی کے آفس سپرنٹنڈنٹ اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق سول سیکرٹریٹ سے محکمہ آب پاشی کے آفس سپرنٹنڈنٹ فضل محمد کی لاش برآمد ہوئی۔
فضل محمد جب دو روز سے اپنے گھر نہیں پہنچا تو اس کے اہلخانہ تلاش کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ پہنچے۔
پولیس کے مطابق جب چوکیدار نے اس کا کمرہ کھولا تو فضل محمد اپنے آفس کی ٹیبل پر مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فضل محمد نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے کیونکہ اس کی لاش کے پاس سے چوہے مار گولیاں اور ایک تحریر بھی ملی ہے جس میں اس نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے سے متعلق تحریر کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 55 سالہ فضل محمد کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
دریں اثناسوراب کے گدر کے علاقے میں ٹریفک حادثے سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو گدر کے علاقے روشن آباد میں ٹریکٹر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار عطاء اللہ نامی شخص ہلاک، جبکہ ساتھی سوارمحمد اسحاق شدید زخمی ہو گیا۔
لیویز نے لاش اور زخمی کو فوری طوپر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضرو ری کاروائی کے بعد لا ش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
مز ید کارروائی جا ری ہے۔
علاوہ ازیں بیلہ میں موٹر سائیکلوں میں ٹکراؤ سے دو افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جسے کراچی منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز جمانی گوٹھ آر سی ڈی شاہراہ بیلا کے مقام پر موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں عبداللہ ولد عبدالرحمن سکنہ لورالائی اور گوٹھ کاٹھوڑ بیلا کا رہائشی خان محمد ولد صالح محمد زخمی ہوگئے۔
آن لائن کو موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں زخمیوں کو لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں نے سول اسپتال بیلا پہنچایا۔
جہاں طبی امداد کی فراہمی کے بعد عبداللہ ولد عبدالرحمن کو تشویش ناک حالت میں مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا۔