سوڈان میں آج اتوار کے روز ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا ہے کہ ملک میں سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے درجنوں افسران کو ریٹائر کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ہفتے کے روز سوڈان کی خود مختار کونسل کے نائب سربراہ محمد حمدان دقلو عُرف ”حمیدتی” یہ باور کرا چکے ہیں کہ سوڈان میں عسکری جُزو سیاسی اقتدار میں کوئی غرض نہیں رکھتا ہے۔
العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو دیے گئے خصوصی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فوجی، سیکورٹی اور پولیس اداروں میں قائدانہ منصبوں پر فائز شخصیات کو ہٹانے کا مقصد ذمے داریوں کا تعین ہے۔
حمیدتی نے زور دیا کہ خود مختار کونسل کا مقصد سوڈان میں آزاد اور شفاف انتخابات کرانا ہے۔
انہوں نے باور کرایا کہ عوامی مظاہروں کے دوران میں پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے محاسبے کے واسطے ذمے داریوں کا تعین ضروری ہے۔
حمیدتی کا کہنا تھا کہ ”ہم محاسبے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی وقت اپنا استعفیٰ پیش کر سکتے ہیں ”۔ ان کے مطابق ایک تیسرا فریق ہے جس نے سوڈان میں مظاہروں سے فائدہ اٹھایا۔