تقسیم کا درد تب ہی ختم ہوگا جب تقسیم ختم کردی جائیگی،سربراہ آر ایس ایس

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ہندوستان کے قوم پرست تنظیم راشٹریہ سوام سیوک سَنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھگوت نے کہا تھا کہ ’تقسیم کے درد کو ختم کرنے کا واحد حل تقسیم ختم کرنا ہے‘۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق نوئیڈا میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں موہن بھگوت نے ’اکھنڈ بھارت‘ (متحدہ بھارت) کے نظریے کی وکالت کرتے ہوئے اسے ناقابل فراموش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم کا درد تب ہی ختم ہوگا جب تقسیم ختم کردی جائے گی، جو ٹوٹ گیا اسے دوبارہ اکٹھا کیا جاسکتا ہے، بھارت کی تقسیم کے لیے سازشیں گڑھی گئی تھیں جو اب بھی جاری ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی تقسیم امن کی بحالی کے لیے کی گئی تھی لیکن اس کے بعد ملک میں فسادات پھوٹ پڑے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ان کے بیان کو فریبی سوچ اور تاریخ میں ترمیم کی خواہش قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت کے انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے، آر ایس ایس کے سربراہ اس سے قبل بھی عوامی سطح پر تقسیم کو ختم کرنے کی فریب پسندی میں ملوث رہ چکے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment