کوئٹہ سے ایک نوجوان لاپتہ اورپسنی سے ایک نوجوان نے خودکشی جبکہ تین لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔
پاکستانی فورسز نے بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ایک نوجوان کو حراست میں لے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔
جس کی شناخت بابر قمبرانی کے نام سے ہوئی ہے جو پیشہ کے لحاظ دکاندار ہیں۔
درایں اثنا فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے وہاب بگٹی، زبیر زہری ولد سراج احمد اور عدنان مینگل ولد خدا بخش بازیاب ہوئے ہیں۔
وہاب بگٹی بلوچ ریپبلکن پارٹی کے رہنما مرید بگٹی کے فرزند ہیں۔
وہاب بگٹی کو پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے نصیر آباد میں ان کے گھر سے اغوا کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔
زبیر زہری اور عدنان مینگل کو کراچی سے منسلک بلوچستان کے صنعتی شہر حب سے پاکستانی خفیہ اداروں نے رواں ماہ حراست میں لے کر لاپتہ کیا تھا۔ دونوں طالب علم حب ڈاکخانہ روڈ پر ایک دکان پر بیٹھے ہوئے تھے کہ خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دونوں کو اغواء کیا تھا جو گذشتہ رات بازیاب ہوگئے۔
علاوہ ازیں ضلع گوادر کے تحصیل پسنی میں ایک نوجوان نے خودکشی کرلی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق پسنی کے وارڈ نمبر 7 پراھگ محلہ کے رہائشی آدم ولد چار شمبے نے پراھگ محلہ کے جنگل میں درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
تاہم خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔