ڈھاڈر میں حاجی شہر کے علاقے بالاناڑی میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں میں قبائلی تصادم اورفائرنگ کے نتیجے میں اعوان قبائل کے دوافراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع پاکرلوکل انتظامیہ جائے حادثہ پرپہنچ گئی اورجنگ بندی کرادی گئی۔
زخمیوں اور نعشوں کو تحویل میں لیکر سول ہسپتال سبی منتقل کردیاگیا۔
لیویز کے مطابق ضلع کچھی کی سب تحصیل بالاناڑی کے علاقے گاؤں اعوان میں کرد قبائل اور اعوان قبائل میں زمینی تنازع پر تصادم ہوا جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں اعوان قبائل کے دو افرادہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں سومر خان ولد علی محمد اورفضل خان ولد محمد بچل اور زخمیوں میں نصیر احمد ولد قادر بخش،بشیر احمد ولد قادر بخش،سچل ولد رئیس بچل شامل ہیں۔
جبکہ شدید زخمیوں میں ایک شخص کو شدید تشویشناک حالت میں لاڑکانہ ریفر کردگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کچھی اصغر شہباز رند نے صحافیوں کو بتایا کہ بالاناڑی کے علاقے میں قبائلی تصادم کے بعد جائے حادثہ پہنچ کر زخمیوں اور نعشوں کو سول ہسپتال سبی منتقل کردیا ہے جبکہ علاقے میں مذید کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے قائم کیئے گئے مورچوں کو بھی خالی کرادیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے لگاجارہے ہیں تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔