اوتھل میں ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

0
184

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کی زیر نگرانی تعمیراتی کاموں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

لیویز چیک پوسٹ دبئی مسجد،لیویز چیک پوسٹ وایارہ اور لیویز لائن کی عمارت کی تعمیر کے لئے آنے والے کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہوگئے۔

گزشتہ کئی سالوں سے مذکورہ عمارتیں مکمل نہ ہوسکیں۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے زیرنگرانی لیویز لائن اوتھل میں لیویز فورس کے لئے بنائی جانے والی عمارت لیویز چیک پوسٹ دبئی مسجد اور لیویز چیک پوسٹ وایارو کے تعمیراتی کام کے دو سال قبل ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹینڈر ہوئے تھے لیکن تینوں عمارتیں تاحال مکمل نہ ہوسکیں مذکورہ تینوں عمارتوں کی لاگت کروڑوں روپے تھی۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ عمارتوں میں ناقص مٹیریل کا استعمال کرکے صرف ڈھانچہ کھڑا کیا گیا ہے جبکہ 2 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود مذکورہ عمارتوں کا تعمیراتی کام مکمل نہ ہوسکا۔

ذرائع کا مزید کہناتھا کہ مذکورہ ادھورے تعمیراتی کاموں کی مکمل رقم ٹھیکیدار کو ادائیگی بھی ہوچکی ہے۔اور ان عمارتوں کے لئے حکومت بلوچستان نے کروڑوں روپے فنڈز مختص کیے تھے جو کہ کرپشن کی نذر ہوگئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کی ذمہ داری ہے کہ ضلع لسبیلہ میں حکومت بلوچستان کی طرف سے ترقیاتی اسکیمات کی مانیٹرنگ کریں لیکن ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے آفس سے جاری ہونے والے ٹینڈروں کے تعمیراتی کام ادھورے پڑے ہوئے ہیں اورستم ظریفی تو یہ ہے کہ ادھورے کاموں کی ٹھیکیدار کو مکمل رقم کی ادائیگی کرکے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔

عوامی حلقوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان،چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر قلات ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ لیویز لائن اوتھل اور لیویز چیک پوسٹوں کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here