بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب پولیس وین پر دھماکا ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث ایک اہلکار ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے اور ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار یونیورسٹی کے سامنے احتجاج پر بیٹھے طلبا کی سیکیورٹی مامور تھے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آور طلبہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے اور سیکیورٹی سخت ہونے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شر پسند طلبہ کو نشانہ بناکر افراتفری پھیلانا چاہ رہے تھے۔