بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں ھوشاپ میں ہونے والے اندوہناک واقعے اور لاشوں سمیت ایک ہفتے سے جاری دھرنے کے باوجود عالمی اداروں کی مکمل خاموشی پر نہایت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی ایک طرف ان کے وجود پرسوالات جنم دے رہا ہے جبکہ دوسری جانب ان کی خاموشی ریاستی جبر و ستم کو ایندھن مہیا کر رہی ہے اورریاستی ادارے آئے روز ظلم و بربریت کے پہاڑ کھڑے کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستانی جبری قبضے کے ساتھ ہی ریاست نے اپنی استبدادی اور قبضہ گیرپالیسیوں کو استعمال کرتے ہوئے بلوچ قومی مزاحمت کو کچلنے کی کوشش کی ہے۔ریاست کی جانب سے جہاں سیاست سمیت تمام قسم کی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی اور متحرک کارکنان کو جبری طور لاپتہ کر کے مسخ شدہ لاش پھینک دی گئیں وہیں عام آبادیوں اور نہتے عوام کو بھی گولیوں سے چھلنی کرتے ہوئے بربریت کی داستانیں قائم کی گئیں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ گذشتہ ہفتے ریاستی فورسز کی جانب سے اپنے روایتی طرز عمل کو اپناتے ہوئے ھوشاپ میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی جبکہ عام آبادی پر مارٹر گولے فائر کیے گئے۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے مارٹر گولوں کی زد میں آ کر ایک ہی خاندان کے دوبچے شہید ہوئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی حالت میں ہے۔ ریاستی فورسز جہاں اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کے لیے پوری مشینری کو بروئے کار لاتی ہیں وہیں متاثرہ خاندانوں کو خاموش کرانیکے لیے خوف اور لالچ سمیت مختلف حربوں کو آزمانے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہی ہتھکنڈوں کو آزماتے ہوئے سانحہ ھوشاپ کے لواحقین کی آواز کو بھی سرکار اور سرکاری حواریوں نے دبانے کی کوشش کی جس کے خلاف سانحہ ھوشاپ کے لواحقین نے مزاحمت کا راہ اپناتے ہوئے شال کی جانب مارچ کیا اور تاحال شال میں لاشوں سمیت دھرنا دیے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ریاستی بربریت کا یہ واقعہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے پہلااور انوکھا واقعہ نہیں ہے جبکہ بلوچستان میں اس طرح کے سینکڑوں واقعات رونما ہو چکے ہیں جہاں ریاستی فورسز نے نہتے عوام کو نشانہ بنایاہے۔ ریاستی فورسز کی جانب سے گذشتہ سال ایک طالب علم حیات بلوچ کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا، ریاستی جتھیکی جانب سے ایک گھر کی چادر و چار دیواری کی پامالی کی گئی اور ملک ناز کو شہید کیا گیا جبکہ چند عرصہ قبل کیچ ہی کے علاقے آپسر میں بلوچ خاتون تاج بی بی کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا۔
اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا معمول بننا اور آئے روز عام عوام کو بے دردی سے قتل کرنا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ ایسے واقعات محض واقعے ہی نہیں بلکہ بلوچ نسل کشی کا ہی تسلسل ہے۔ سانحہ ھوشاپ کے لواحقین پاکستانی جنگی جرائم کے خلاف گذشتہ ہفتے سے احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہیں جبکہ عالمی ادارے اس حوالے سے مکمل خاموشی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں۔ عالمی ادارے بلوچستان میں ریاستی فورسز کی جانبسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف پاکستان کو قانوں کے کٹہرے میں لائے اور بلوچستان میں جاری جنگی جرائم کے خلاف جواب طلبی کرے۔