افغانستان کے تباہی کے ذمہ دارافغان قائدین ہونگے نہ کہ امریکا، سابق امریکی سفیر

0
382

افغانستان میں امریکہ کے سابق سفیر رونلڈ نیومن نے کہا ہے کہ افغان سیاسی قائدین ایک دوسرے میں الجھنے کے بجائے قومی مفاد کو اولیت دیں اور اسے ہر صورت مقدم رکھیں۔

انھوں نے یہ بات منگل کو امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے پشتو پروگرام کو خصوصی انٹرویو میں کہی۔

نیومن نے کہا کہ ”یہ بات بے معنی ہے کہ انتخابات شفاف تھے یا دھاندلی زدہ، کم لوگوں نے ووٹ دیے یا زیادہ لوگوں نے۔ ہر صورت میں یہ افغانوں کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھیں اور ملک کی بہتری کا سوچیں۔“

انھوں نے کہا کہ افغان رہنماو¿ں کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ اب امریکہ ان کے مسائل کا حل نہیں بتائے گا بلکہ افغانوں کو خود معاملات طے کرنے ہوں گے۔ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے اور لڑتے رہیں گے تو یہ افغانستان کی تباہی کا باعث بنے گا۔ یہ ان کا قصور ہوگا، نہ کہ امریکہ کا۔

صدر اشرف غنی نے ایک بیان میں طالبان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان چھوڑ دیں۔ اس بارے میں سوال پر سابق امریکی سفیر نے کہا کہ ”ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان نے طالبان کو پناہ دے رکھی ہے۔ لیکن میں نہیں سمجھتا کہ جب تک افغانستان میں امن ہوگا، طالبان پاکستان چھوڑیں گے۔“

انھوں نے بتایا کہ ان کی طالبان سے قربت رکھنے والے کچھ لوگوں سے گفتگو ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ طالبان پاکستان میں خود کو آزاد محسوس نہیں کرتے۔

تاہم انھوں نے کہا کہ جب تک بین الافغان مذاکرات کے ذریعے حتمی امن سمجھوتا طے نہیں ہوتا، طالبان افغانستان منتقل نہیں ہوں گے کیونکہ انھیں یہ خوف رہے گا کہ کہیں انہیں امریکی فضائی حملوں کا ہدف نہ بنایا جائے۔

نیومن نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کے آغاز میں آٹھ دس روز باقی ہیں۔ یہ دیکھنا ہوگا کہ معاملات کس طرح آگے چلیں گے۔ افغانستان میں کوئی چیز بروقت نہیں ہوپاتی اس لیے ایسا نہ ہوا تو کوئی زیادہ پریشانی کی بات نہیں ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here