بھارت اور پاکستان میں کروناوائرس کے 59 کیسزرپورٹ ہوگئے

0
411

بھارت میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد پیر کے روز بڑھ کر 43 ہو گئی۔ ان میں کیرالہ کا ایک تین سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

وزارت صحت کے مطابق دہلی، اترپردیش، جموں اور کیرالہ میں ایک ایک شخص کا ٹیسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ تمام متاثرین غیر ملکی دورے پر گئے تھے۔

بھارت میں کروناوائرس سے تاحال کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے پیر کے روز دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی اور آئسولیشن وارڈز، کوارنٹائن سہولتوں، ڈاکٹروں کی دستیابی اور دیگر احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔

تمام ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر سریع الحرکت ایکشن ٹیمیں تشکیل دیں۔

کروناوائرس کی وجہ سے بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمٰن تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں، جن میں وزیر اعظم مودی کو شرکت کرنی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اب وہ بنگلہ دیش نہیں جائیں گے۔

ادھر وزیر خارجہ جے شنکر نے جو کہ پیر کے روز اچانک سری نگر دورے پر پہنچے، ان اسٹوڈنٹس کے اہل خاندان سے ملاقات کی جو کروناوائرس کے خوف سے ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا، کروناوائرس کی وجہ سے پوری دنیا کے بازاروں میں آنے والی گراوٹ کی صورت حال میں پیر کے روز بھارت کے بازار بھی بری طرح لڑھک گئے، جس کی وجہ سے سنسکس میں ایک ہی روز تقریباً 2400 پوائنٹس کی گراوٹ آگئی۔

ماہر معاشیات پروفیسر ارون کمار کے مطابق، چین میں سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے بازار میں گراوٹ آئی ہے۔

گزشتہ دو تجارتی سیشنس میں سرمایہ کاروں کا مجموعی طور پر تقریباً دس لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

بھارت میں اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایسی مندی اس سے قبل کبھی نہیں آئی تھی۔

جبکہ پاکستان بھر میں کوروناوائرس کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے اۤگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 جبکہ ملک بھر میں تعداد 16 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ 6 مریض شام سے براستہ دوحہ پاکستان پہنچے جبکہ 3 مریض لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 53 سالہ شخص کراچی کے ضلع شرقی کا رہائشی ہے۔ متاثرہ شخص شام سے دوحہ اور پھر پاکستان پہنچا ہے، متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے اور یہ تمام کیسز شہر کراچی میں سامنے اۤئے ہیں جبکہ ان مریضوں میں سے ایک شخص یحییٰ جعفری صحتیاب ہوکر گھر منتقل ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here