تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ انہیں ‘دہشت گرد تنظیم’ کہنے سے گریز کریں ورنہ ان کے ساتھ دشمنوں کی طرح پیش آیا جائے گا۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں ان کے ترجمان محمد خراسانی نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ میڈیا کوریج پر نظر رکھے ہوئے ہیں جس میں ٹی ٹی پی کی تشہیر ‘دہشت گردوں اور انتہاپسندوں ‘ جیسے نفرت انگیز القابات سے کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے لیے اس طرح کی اصلاحات کے استعمال سے میڈیا اور صحافیوں کا جانبدارانہ کردار ظاہر ہوتا ہے، مزید یہ صحافت کے پیشے پر بدنما داغ ہے۔
پاکستانی میڈیا نے ٹی ٹی پی کو دہشت گردی تنظیم اس وقت سے کہنا شروع کیا جب سے اس نے سلسلہ وار حملوں میں فورسز اورشہریوں کو ہدف بنانا شروع کیا اور حکومت کی جانب سے اس پر پابندی عائد کی گئی۔
محمد خراسانی نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا ایک فریق کے کہنے پر ٹی ٹی پی کے خلاف اس طرح کے قابل نفرت الفاظ استعمال کررہا ہے جو اسے اپنا دشمن منتخب کرچکا ہے، لہذا میڈیا کو انہیں تحریک طالبان پاکستان کے نام سے پکارنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے بیان میں تنبیہہ کی کہ اگر میڈیا پیشہ ورانہ بددیانتی کرے گا تو وہ اپنے لیے خود دشمن پیدا کرے گا۔