فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے جاری ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ ایف بی ایم جرمنی برانچ کی جانب سے قابض پاکستانی دہشت گرد فورس سی ٹی ڈی کی جانب سے جعلی مقابلوں میں جبری گُمشدگی کے شکار بلوچ فرزندوں کی شہادت کے خلاف 11 ستمبر بروز ہفتہ دوپہر 2 بجے جرمنی کے شہر ہنوفر میں مین ٹرین اسٹیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
یہ مظاہرہ ریلی کی شکل اختیار کرتے ہوئے ہنوفر شہر کی مصروف شاہراہوں سے ہوتا ہوا کروپکے کے مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔
اعلامیہ میں کہا ہے کہ دو ہفتوں کے دوران قابض پاکستانی دہشت گرد فورس سی ٹی ڈی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پہلے سے ہی حراست میں لئے گئے جبری گُمشدگی کے شکار 20 بلوچوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے۔
یہ قابض دہشت گرد ریاست کی وہی بدنام زمانہ“مارو اور پھینک دو”والی پالیسی کا تسلسل ہے جس کو اب مقابلے کا نام دیکر قابض ریاست دنیا کو اپنی مکاری سے دھوکا دینا چاہتی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قابض پاکستانی ریاست پہلے ہی سے حراست میں لئے گئے جبری گُمشدگی کے شکار افراد کو اس طرح شہید کرکے اس کو مقابلے کا نام دیکر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے جس کو منظر عام پر لاکر ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جس طرح جھوٹ کا سہارہ لیکر حسب سابق چالاکی اور مکاری سے قابض پاکستانی ریاست دنیا کو گُمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ہمیں اُسی طرح پوری توانائی و شدت سے دنیا تک اپنی بات پہنچانے کی ضرورت ہے۔
ایسے احتجاج اور آگاہی مہم چلانے کا مقصد ہی یہی ہے کہ پاکستان کا وہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا جاسکے جس سے دنیا بے خبر ہے۔