بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شو”بگ باس 13“ کے فاتح اور اداکار سدھارتھ شکلا جمعرات کو 40 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ‘اے این آئی’ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے کوپر اسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ شکلا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپتال کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اداکار کو جمعرات کی صبح نو بج کر 25 منٹ کے قریب مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ تاہم سدھارتھ کی موت کی وجہ طبی یا خاندانی ذرائع سے تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔ البتہ بھارت کے ذرائع ابلاغ دعوی کر رہے ہیں کہ سدارتھ کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی۔
سدھارتھ شکلا نے بھارتی ڈرامہ سیریل ‘بالیکا ودھو’ سے شہرت حاصل کی تھی۔
بعد ازاں یہ ‘خطروں کے کھلاڑی’ اور ‘انڈیا گوٹ ٹیلنٹ’ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔
اداکار نے مقبول ریئلٹی شو ‘بگ باس 13’ کی ٹرافی بھی اپنے نام کی تھی جب کہ انہوں نے 2014 میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور ورون دھون کے ساتھ ‘ہمپٹی شرما کی دلہنیا’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
اداکار سدھارتھ شکلا کی انتقال کی خبریں سامنے آتے ہی بالی وڈ فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی فضا سوگوار ہو گئی اور ان کے ساتھیوں اور چاہنے والوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔