کراچی: معروف شاعرو ادیب ن م دانش کی کتاب کی تقریب پذیرائی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

امریکہ میں مقیم معروف شاعر اور ادیب ن م دانش کی کتاب "یعنی اس کا مطلب کیا” کی تقریبِ پذیرائی بروز جمعہ کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا اہتمام کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، جس میں شہر کے نامور ادیبوں، دانشوروں اور علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی اور مصنف کی ادبی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان، خالق زدران، حنیف عابد، پیرزادہ سلمان، توقیر چغتائی، سعید سربازی، سعید جان بلوچ، توقیر چغتائی، خالد معین، ماہ جبین، سعدیہ شکیل اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن م دانش کا تعلق کراچی کی قدیم اور تاریخی بستی لیاری سے ہے، جو اپنی زرخیز ادبی، ثقافتی اور اسپورٹس روایات کے باعث ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری نے نہ صرف شاعر اور ادیب پیدا کیے بلکہ اس خطے نے بے شمار فٹبالرز اور باکسرز بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرائے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ن م دانش نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، وسیع مطالعے اور گہرے سماجی و سیاسی شعور کے ذریعے پاکستانی ادبی حلقوں میں ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تحریروں میں معاشرتی مسائل، سیاسی حالات اور انسانی جذبات کی بھرپور جھلک ملتی ہے، جو قاری کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پاکستانی ادب کی تاریخ میں ن م دانش کا ذکر شامل نہ کیا جائے تو یہ تاریخ ادھوری تصور کی جائے گی۔

تقریب کے دوران مقررین نے ن م دانش کی ادبی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کے سماجی اور تعلیمی میدان میں کردار کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن م دانش نے نہ صرف ادب کے ذریعے معاشرے میں شعور بیدار کرنے کی کوشش کی بلکہ تعلیمی فروغ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے، جس کے مثبت اثرات نئی نسل میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ "یعنی اس کا مطلب کیا” ایک ایسی کتاب ہے جو فکری اور ادبی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے اور اس میں شامل تحریریں قاری کو نئی سوچ اور زاویۂ نظر عطا کرتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ن م دانش کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے ادب کی دنیا کو مزید مالا مال کرتے رہیں گے۔

آخر میں مصنف ن م دانش نے امریکہ سے تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کیا اور تمام شریک افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Share This Article