کشمیرمتعلق 3 پارلیمانی کمیٹیوں کو آج جی ایچ کیو میں بریفنگ دی جائیگی

0
202

پاکستان کی فوجی قیادت آج داخلی و خارجی سیکیورٹی بشمول کشمیر پر 3 پارلیمانی کمیٹیوں کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بریفنگ دے گی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جو کمیٹیاں بریفنگ کے لیے جی ایچ کیو جائیں گی ان میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع شامل ہیں۔

یہ طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے اور داعش کے خطرناک دہشت گرد حملے کے بعد فوجی قیادت کی جانب سے پارلیمینٹیرینز کو دی جانے والی پہلی سیکیورٹی بریفنگ ہے۔

افغانستان کے علاوہ پارلیمینٹیرینز کو مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ توقع ہے کہ پارلیمینٹیرینز جی ایچ کیو میں 5 سے 6 گھنٹے گزاریں گے اس دوران ان کی چیف اور آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ 2 گھنٹے کی ملاقات بھی ہوگی۔

بریفنگ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) دیں گے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ جی ایچ کیو کے بجائے بریفنگ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونی چاہیے۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو اس طرح کی ایک بریفنگ یکم جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں دی گئی تھی جو فوجی اور انٹیلی جنس رہنماؤں نے قومی مفاد کے معاملات پر تقسیمی سیاست دور کرنے کے لیے بلائی تھی۔

ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اسٹریٹجک چیلنجز اور خارجہ تعلقات میں متعلقہ پالیسی کی تبدیلی ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

تینوں کمیٹیوں کے اہم اراکین میں سینیٹ کے قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم کے علاوہ پی ٹی آئی کے فیصل جاوید، محسن عزیز، میجر (ر) طاہر صدیق جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ، خرم دستگیر، شیخ روحیل اصغر، برجیس طاہر اور ریاض حسین پیر زادہ کے علاوہ پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف، شیری رحمٰن اور آفتاب شعبان میرانی شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here