ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے شریک چیئرمین اسد اقبال بٹ نے کراچی میں لال بخش رند کی یاد میں منعقدہ پروگرام کوسبوتاژ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان لال بخش رند مرحوم کی یاد میں لیاری کے ہال میں منعقد کئے جانے والے پروگرام کو رینجر کی طرف سے غیر قانونی طور پر بزور طاقت روکنے ہال کی انتظامیہ اور ڈیکوریشن مہیا کرنے والے دوکاندار کو گرفتار کرنے اور ہال اور دوکان کو سیل کرنے کی دھمکیاں دینے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اسد اقبال بٹ نے کہا کہ لال بخش رند مارکسزم،لینن ازم کے استاد کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کے شاگردوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے وہ کبھی کسی ملک دشمن یا دہشتگرد گروہ سے منسلک نہیں رہے ہمیشہ اپنا سیاسی کام آئین اور قانون کے مطابق انجام دیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ایسے امن پسند لیڈروں کے یاد منانے اور ان کی زندگی پر بات بھی کرنے نہیں دے گی تو واضح طور وہ خود ملک کو بد امنی کی طرف دھکیل رہی ہے۔