پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے صحافی عامر میر اور عمران شفقت کو گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا۔
سائبر کرائم ونگ لاہور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات اعلیٰ ججز، پاک فوج اور خواتین متعلقہ تضحیک آمیز رویہ رکھنے پر پیکا کی دفعہ 11، 13، 20، 24 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 505، 500،469 اور 509 کے تحت درج کیا گیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ان دونوں صحافیوں کے یوٹیوب پر گوگلی اور ٹیلنگز کے نام سے چینلز پر ایسے پروگرام نشر کیے گئے جس سے قومی سلامتی کے اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی بنیاد کو کمزور کرکے عوام کے ان اداروں پر اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس کے علاوہ بتایا کہ ان چیننلز پر خواتین کے ساتھ بھی تضحیک آمیز رویہ رکھا گیا تھا۔
بتایا گیا کہ دونوں ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے اور تفتیش کی جارہی ہے۔
سائبر کرائم ونگ کا نے مزید بتایا کہ آئندہ ملزمان کے خلاف مزید ثبوت اکٹھا کرکے چالان عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عامر میر معروف صحافی حامد میر کے بھائی ہیں۔
دوسری جانب لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا ہے کہ سابق صدر لاہور پریس کلب اور سینئر صحافی عامر میر اور عمران شفقت کی ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے گرفتاری آزادی اظہار پر قدغن کے مترادف ہے اور سینئر صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مار کران کی گرفتاریاں اور شخصی ضمانت پر رہائی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش ہے۔
ارشد انصاری نے کہا کہ ‘ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کی آواز دبانے کے لیے اس طرح کے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں ہوں گے اور صحافی اپنی آزادی اظہار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے’۔