نادرا نے ڈاکٹر اللہ نذربلوچ کوشناختی کارڈ جاری کیا،ایف آئی اے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک ایجنٹ کو ناجائز فوائد حاصل کرنے کی خاطر عسکریت پسندوں اور دیگر کے لیے قومی شناختی کارڈ تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر عامر فاروقی نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ نادرا کے کچھ ملازمین نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، القاعدہ برصغیر اور بلوچ قوم پرستوں کی کالعدم تنظیموں کو مالی فوائد کے بدلے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مدد دی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ صفورہ بم دھماکے میں ملوث عمران علی نامی بھارتی شہری کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ تھا۔

علاوہ ازیں چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث ملزمان نے بھی اپنی شناخت تبدیل کروائی تھی۔

ایف آئی اے عہدیدار نے کہا کہ ‘بلوچ عسکری گروہ کے سربراہ ڈاکٹراللہ نذربلوچ اور دیگر نے نادرا کے قومی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کے سندھ دفتر کے کچھ ملازمین دہشت گردوں کو شناختی کارڈ حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘غیر ملکیوں ایجنسیز نے نادرا کے نظام پر کام کرکے اسے متاثر کردیا ہے’۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے یہ بھی بتایا کہ اس گروہ میں نادرا کے دیگر ملازمین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر بھی ملوث ہے۔

Share This Article
Leave a Comment