ذرائع نے اتوار کے روز لبنانی اخبار "النہار” کو بتایا کہ حزب اللہ ملیشیا وادی بقاع اور جنوب میں قائم کیمپوں میں حوثی عناصر کی تربیت کر رہی ہے۔
اخبار کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری اور سیکیورٹی لبنانی حکام کو اطلاع ملی ہے کہ حزب اللہ شمالی اور جنوبی بقاع میں اپنے کیمپوں میں حوثی جنگجوو¿ں کو تربیت دے رہی ہے ، لیکن ریاست اور متعلقہ افراد نے ان معاملات پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔
حزب اللہ نے یمن میں مداخلت کی تردید نہیں کی۔ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ نے یمن کو خطے میں اپنے "مزاحمتی” منصوبے کا حصہ سمجھتے ہوئے حوثیوں کی مدد کا ایک سے زائدبار اعلان کر چکے ہیں۔
ایران نے حزب اللہ کو خطے کے ممالک میں مداخلت کے لیے پراکسی کے طور پر حوثیوں کی حمایت کرنے کے لیے کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
اس مدد میں حزب اللہ کے ماہرین کی یمن میں فوجی تربیت کے علاوہ لبنان ، شام اور عراق کے کیمپوں میں حوثی عناصر کو بھی تربیت دی جا رہی ہے۔
یمن میں حزب اللہ کے کردار کے بارے میں یمن کے امور کے ماہر ایک تجزیہ نگار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حزب اللہ یمن میں ایک اہم کھلاڑی بن کر ابھری ہے ایران نے حوثیوں کو تربیت دینے کے لیے اس پر بہت زیادہ انحصار کیا ہے۔ سب سے قدیم مسلح ملیشیا کی حیثیت سے اپنے فوجی تجربےکی بہ دولت حزب اللہ خطے میں دوسرے عسکری گروپوں کے لیے ٹریننگ کے میدان میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔