امریکی صدر ٹرمپ آج دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچیں گے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ سرکاری دورے پر آج بھارت پہنچ رہے ہیں۔ کسی بھی امریکی صدر کا یہ آٹھواں اور صدر ٹرمپ کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔

صدر ٹرمپ ایسے وقت میں بھارت کا دورہ کر رہے ہیں جب رواں برس تین نومبر کو امریکہ کے صدارتی انتخابات ہونا ہیں۔

گزشتہ برس ٹیکساس میں صدر ٹرمپ نے ‘ہاﺅڈی مودی’ تقریب میں شرکت کی تھی اور اسی طرز کی تقریب کا انعقاد بھارتی شہر احمد آباد میں بھی کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا نام ‘نمستے ٹرمپ’ رکھا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ بھارت پہنچ رہے ہیں۔ ا±ن کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہمان صدر بھارت کے تین شہروں کا دورہ کریں گے اور وہ نئی دہلی کے موریا ہوٹل میں قیام کریں گے۔

صدر ٹرمپ کی سیکیورٹی کے لیے اہلکاروں کے تین حصار بنائے گئے ہیں جب کہ بلند و بالا عمارتوں پر اسنائپر بھی تعینات ہیں۔ نئی دہلی کے تاج پیلس ہوٹل میں بھی اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان کسی بڑے تجارتی معاہدے کا تو امکان نہیں البتہ وہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔

حال ہی میں امریکہ نے بھارت کے لیے ڈیوٹی فری پروگرام منسوخ کیا تھا جس کے جواب میں بھارت نے امریکہ کی 28 مصنوعات پر ٹیکس عائد کر دیا تھا۔

صدر ٹرمپ اتوار کی شب دورہ بھارت کے لیے واشنگٹن سے روانہ ہو گئے ہیں اور وہ کچھ ہی دیر بعد بھارت پہنچ جائیں گے۔

بھارت پہنچنے سے قبل صدر ٹرمپ نے ہندی زبان میں ایک ٹوئٹ کیا اور کہا کہ وہ بہت جلد بھارت پہنچ رہے ہیں، ہم سب سے پہلے اور سب سے بہتر ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment