بلوچستان کے علاقے بولان ، حب ،قلات اور بیلہ میں فائرنگ و روڈحادثات سے 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
بولان میں چوروں اور شہریوں کے درمیان فائرنگ سے2 چور ہلاک ہوگئے ۔
لیویز ذرائع کے مطابق ہفتہ کو بولان میں سنی کے علاقے گائوں مہسر کے قر یب شہریوں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 مبینہ ڈاکو نور خان ولد کھبڑ خان ، عبیداللہ ولد اللہ داد ہلاک ہوگئے ۔
لیویز انتظامیہ نے نعشیں تحویل میں لیکر مزید کارروائی کے لیے سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کردیں۔
مزید کاروائی جاری ہے ۔
دوسری جانب صنعتی حب شہر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ہفتہ کی شب حب شہر کے قریب بھوانی کے مقام پر شاہ پمپ سے متصل سڑک پر گھر سے فیکٹری ڈیوٹی پر جانے والے 25سالہ علی نواز میروانی نامی نوجوان کو تعاقب میں آنے والے نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس نے اسپتال میں ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعش مقتول کے بھائی ڈاکٹر عبدالستار میروانی کے حوالے کردی ۔
واضح رہے کہ حب شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بدامنی کی لہر برقرار ہے۔ گزشتہ شب جنگلات آفس کے قریب گلی میں ناکہ لگاکر کھڑے ملزمان نے دو شہریوں سے سی جی 125موٹر سائیکل قیمتی موبائل فونز اور نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ رواں سال اب تک مختلف واقعات میں 29شہری قتل ہو چکے ہیں ۔
دریں اثنا قلات میں ایک روڈحادثے میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے سینئر آفیسر اعجاز چنال زہری اپنی کمسن صاحبزادی سمیت جاں بحق اہلیہ زخمی ہوگیا۔
پروٹو کول ٹو وی سی بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار اعجاز زہری ہفتے کے روز فیملی کے ہمراہ کوئٹہ سے خضدار ارہے تھے کہ ان کی گاڑی قلات میں سنگداس کے مقام پر دوسری گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں اعجاز احمد زہری خود موقع پر ہلاک ہوگیا ان کی کمسن بیٹی کو ہسپتال پہنچائی گئی جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔
واقعہ میں اعجاز زہری کی اہلیہ شدید زخمی اور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
اس ٹریفک حادثے میں کل 6 افراد زخمی ہوگئے۔
علاوہ ازیں بیلہ میں مسافر کوچ اور ٹریکٹر کے درمیان تصادم سے 3افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
~
واقعہ بیلہ پیپرانی کے مقام پر N25پر پیش آیاجہاں تیز رفتار مسافر بردار کوچ اور ٹریکٹر کے درمیان تصادم ہوا۔
نعشوں اور زخمیوں کو اوتھل اسپتال منتقل کردیا گیا ۔
اس حوالے سے مرک1122ریسکیو ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بیلہ پیپرانی کے مقام پر تیز رفتار مسافر بردار کوچ اور ٹریکٹر میں تصادم کے نتیجے میں 3افراد ہلاک جبکہ 13سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
نعشیں اور زخمیوں کو مرک1122ایمبولینس کے ذریعے ضلع لسبیلہ کے ہیڈکواٹر اوتھل اسپتال منتقل کردئیے گئے ۔
شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی اسپتال ریفر کر دئیے گئے۔