پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں فوج پر نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے دعوے کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور ’خوارج‘ یعنی شدت پسند تنظیم ٹی ٹی پی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ شدت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے افسر اور جوان مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم کے خلاف چار اور پانچ اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی۔
فوج کے مطابق اس آپریشن کی قیادت مارے جانے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کا تعلق فیصل آباد سے ہے جبکہ دیگر پانچ جوانوں کا تعلق خیبر، لکی مروت، ٹانک، اورکزئی اور سوات سے ہے۔
فوج کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل کے سوگواران میں ان کی اہلیہ اور تین بیٹے ہیں۔
اب تک ٹی ٹی پی سمیت کسی بھی شدت پسند تنظیم نے اس واقعہ پر بیان جاری نہیں کیا ہے۔