ضلع کیچ : مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری کے نام پر کرپشن کا انکشاف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری کے نام پر لاکھوں روپوں کی کرپشن کا انکشاف ہو اہے۔

اس سلسلے میں مند سول سوسائٹی کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز جاری کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری کے نام پر سالانہ 15 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم جاری کی جاتی ہے، جبکہ مند میں ایسی کوئی لائبریری موجود نہیں ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ رقم کہاں جاتی ہے اور کون اسے ہڑپ کر رہا ہے۔

سول سوسائٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ صرف مند پبلک لائبریری کا معاملہ نہیں بلکہ پورے کیچ میں موجود تمام لائبریریوں کے فنڈز میں کرپشن ہورہی ہے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں، کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں اور ہڑپ کی گئی رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کروائیں۔

انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

سول سوسائٹی کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری قائم کی جائے۔

وجود نہ رکھنے والے ملا فاضل لائبریری کے نام پر لاکھوں روپےکے کرپشن کے دعوے کے بعد اب تک سرکاری سطح پر اس کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آسکی۔

Share This Article
Leave a Comment