میکسیکو کے فوجیوں نے تارکین وطن کو لے جانے والے ایک ٹرک پر بندوقوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے۔ ان تارکین وطن کا تعلق پاکستان، بھارت، مصر، نیپال اور کیوبا سے تھا۔
میکسیکو کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی ریاست چیاپاس میں ایک ہائی وے پر مشتبہ گاڑیوں کا پیچھا کرنے والے فوجیوں کی فائرنگ سے چھ تارکین وطن جان سے چلے گئے۔ اس واقعے میں دس دیگر زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارت دفاع نے واقعے میں جان سے جانے والوں کی قومیتوں کی وضاحت کیے بغیر بتایا کہ گشت کرنے والے اہلکاروں کو مشتبہ گاڑیوں میں پاکستان، بھارت، مصر، نیپال اور کیوبا کے 33 تارکین وطن ملے۔
بیان میں کہا گیا کہ 17 تارکین وطن جنہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا انہیں امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
مرنے والوں کی قومیتیں واضح نہیں ہیں لیکن وزارت نے کہا کہ وہ متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ کرے گی۔
میکسیکو میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہجرت کرنے والے افراد اپنے سفر کے دوران بڑے خطرات سے دوچار ہوتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے سانحات سے بچنے کے لیے ان کے پاس رسائی، سفر اور دیگر قانونی ذرائع موجود ہونے چاہیں۔”
یہ واقعہ گوئٹے مالا کی سرحد کے قریب واقع جنوبی ریاست چیاپاس کے قصبے ہیکسٹلا کے قریب پیش آیا۔ یہ تارکین وطن کے لیے ایک عام راستہ ہے، جنہیں اکثر بھری گاڑیوں میں اسمگل کیا جاتا ہے۔
علاقے میں جرائم پیشہ گروہوں کے استعمال سے ملتی جلتی دو گاڑیاں ٹرک کے پیچھے چل رہی تھیں۔
میکسیکو کے فوجیوں نے بتایا کہ انہوں نے دھماکوں کی آوازیں سنی، جس کی وجہ سے انہوں نے فائرنگ کی۔
چارافراد جائے وقوعہ پر ہلاک ہو گئے اور دو دیگر نے قریبی ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ مقامی استغاثہ نے تصدیق کی کہ ان کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے دو فوجیوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان پر مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ فوجی مقدمے کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔