پی آئی اے کے ایک طیارے کیلئے 304 ملازمین کی تقرری کا انکشاف

0
60

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی فروخت کے لیے بولیاں لگ رہی ہیں، ایسے میں ایوی ایشن ڈویژن کے سربراہ نے قومی اسمبلی کی کمیٹی کو بتایا کہ پی آئی اے کے ایک طیارے کے لیے اوسطاً 304 ملازمین ہیں۔

ایوی ایشن کی قائمہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ایوی ایشن ڈویژن کے سیکریٹری سیف انجم نے بتایا کہ پی آئی اے کے پاس 34 طیارے ہیں جن میں سے 13 ڈرائی لیز پر ہیں اور باقی ایئر لائن کی ملکیت ہیں۔

اس وقت پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد 10 ہزار 323 ہے، جن میں سے 7 ہزار 399 ریگولر ہیں اور 2 ہزار 924 کنٹریکٹ پر ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کی کارکردگی پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ریگولیٹر اس وقت ملک کے 43 میں سے 22 ہوائی اڈے چلا رہا ہے، جن میں سے 13 بین الاقوامی ہیں۔

تاہم، ایوی ایشن ریگولیٹر کو کئی سالوں سے ترقیاتی بجٹ میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے وہ پرانے آلات استعمال کرنے پر مجبور ہے۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے نمائندے نے بھی فنڈز کی کمی کی شکایت کی، جس کی وجہ سے فورس پرانے سیکیورٹی گیجٹس استعمال کرنے پر مجبور ہے۔

اے ایس ایف کے نمائندے نے دعویٰ کیا، وہ جدید ترین گیجٹس کی خریداری پر کام کر رہے ہیں اور اسکینننگ کا کچھ سامان پہلے ہی پہنچ چکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اے ایس ایف کے 15 ہزار 565 اہلکار ہیں جن میں 14 ہزار 135 وردی والے اور 873 سویلین عملہ شامل ہے، جب کہ ملک بھر میں واقع 43 ہوائی اڈوں میں سے 22 پر اے ایس ایف تعینات ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here