بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوگیا، رواں سال بلوچستان میں پولیو کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہوگئی۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا جہاں 18 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اس سے پہلے بھی رواں سال قلعہ عبداللہ سے پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال بلوچستان میں پولیو کےکیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے ، اس سے قبل رواں سال بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی،چمن،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ سے پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
یاد رہے سال 2022 اور 2023 میں بلوچستان پولیو فری رہا تھاجبکہ اس سے قبل بلوچستان میں 2021 میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔
بلوچستان میں 2020 میں پولیو کے ریکارڈ 26 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ سال 2015 سے اب تک بلوچستان میں مجموعی طورپر پولیو کے 59 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔