بلوچستان میں فورسز کی استعداد ِکار میں اضافہ ضروری ہے، زرداری

0
47

پاکستان کے صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انسدادِ عسکریت پسندی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد ِکار میں اضافہ ضروری ہے۔

آصف زرداری نے یہ بات بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق گوادر میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کہی۔

صدرِ پاکستان کی زیرِ صدارت بلوچستان میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی، کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے علاوہ ایم این اے ملک شاہ گورگیج، وزیر داخلہ ضیا لانگو، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صدرِ پاکستان کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ’بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد ِکار بڑھانے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں قابل پولیس افسران تعینات کرنا ہوں گے۔ بلوچستان میں عسکریت پسندی کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔‘

گوادر میں ہونے والے اس اجلاس کے دوران صدرِ پاکستان کوبلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عسکریت پسندی کا کامیابی سے مقابلہ کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

بریفنگ میں صدرِ پاکستان کو بتایا گیا کہ بلوچستان حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

صدرِپاکستان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان میں زائرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھانے کی بھی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں ماہی گیری کے پائیدار طریقے فروغ دینا ہوں گے تاہم غیر قانونی ماہی گیری کو روکنا ضروری ہے۔‘

صدرِ پاکستان کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن آئے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here