صحافی جمال خاشقجی کے خاندان نے انکے قاتلوں کو معاف کر دیا

0
252

سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بڑے بیٹے صالح خاشقجی نے کہا ہے کہ ان کے خاندان نے اپنے والد کے قاتلوں کو معاف کر دیا ہے۔

جمعے کے روز ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صالح خاشقجی نے لکھا:’بابرکت مہینے(رمضان) کی اس بابرکت رات کو ہم نے خدا کا قول یاد کیا کہ اگر ایک انسان معاف کرتا ہے اور مفاہمت کرتا ہے تو اس کا اجر اسے اللہ دیتا ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا: ’اسی لیے ہم، شہید جمال خاشقجی کے بیٹے اعلان کرتے ہیں کہ ہم نے اپنے والد کے قاتلوں کو معاف کیا اور ہم خدا سے اس کا اجر مانگتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ سعودی عرب کے حکمرانوں پر تنقید کرنے والے صحافی جمال خاشقجی کو دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں ہلاک کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی دوسری شادی سے پہلے ضروری کاغذی کارروائی کے لیے گئے تھے۔

جمال خاشقجی کیس پر کام کرنے والی اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ایگنس کیلامارڈ نے مطالبہ کیا تھا کہ اس قتل کے حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی تفتیش کی جائے۔

سعودی ولی عہد نے اس واقعے سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کیا تھا تاہم انھوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے رہنما کی حیثیت سے وہ اس کی ’پوری ذمہ داری قبول‘ کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے گذشتہ برس دسمبر میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے جرم میں پانچ افراد کو سزائے موت سنائی تھی اور صلاح خاشقجی نے سعودی عدلیہ کے اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی تعریف کی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here