ٹی ٹی پی القاعدہ کے ساتھ الحاق کی کوشش کرسکتی ہے، اقوام متحدہ

0
161

دنیا بھر میں دہشتگرد سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی اقوام متحدہ کمیٹی کی رپورٹ 25 جولائی کو سلامتی کونسل کو پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ ٹی ٹی پی القاعدہ کے ساتھ الحاق کی کوشش کرسکتی ہے، ٹی ٹی پی جنوبی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے القاعدہ سے الحاق کرسکتی ہے اور ٹی ٹی پی غیر ملکی عسکریت پسند گروہوں کو متحدکرنےکا پلیٹ فارم فراہم کرسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ٹی ٹی پی نے افغان طالبان کے برسر اقتدار ہونے کے بعد سے افغانستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے، ایک رکن ریاست نے القاعدہ اور ٹی ٹی پی کے انضمام کے امکان کی نشاندہی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اندر بڑھتے ہوئے حملوں کے حوالے سے ٹی ٹی پی کو القاعدہ رہنمائی فراہم کر رہی ہے، افغان صوبےکنڑ میں مختلف دہشتگردگروہوں کے تربیتی کیمپوں کو ٹی ٹی پی بھی استعمال کر رہی ہے، ٹی ٹی پی پاکستان میں واقع علاقوں پر دوبارہ کنٹرول قائم کرنے کی خواہشمند ہے اور ٹی ٹی پی کی توجہ سرحدی علاقوں میں اہم اہداف پر مرکوز رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ پاکستان کے دباؤ پر جون میں ٹی ٹی پی کے بعض عناصر کو سرحدی علاقے سے دور منتقل کر دیا گیا تھا،ٹی ٹی پی افغانستان میں آزادانہ طور پر فعال رہی تو علاقائی خطرہ بن سکتی ہے، طالبان اور القاعدہ کے درمیان اب بھی قریبی اور نمایاں تعلقات ہیں، القاعدہ ارکان قانون نافذ کرنے والے افغان اداروں اور انتظامی اداروں میں دراندازی کرتے ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ درست نہیں ہے، القاعدہ کی افغانستان میں کوئی موجودگی نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here