پشاور: پولیس لائن مسجد میں دھماکا، 28افراد ہلاک

0
176

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاور میں انتہائی حساس علاقے پولیس لائن کی مسجد میں ایک دھماکے سے 28افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مسجد کی عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوا وہیں قریب موجود کینٹین کی عمارت بھی گر گئی۔

خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے دھماکے میں 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

جائے وقوع کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ’اس وقت تک 28 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 150سے زائد زخمی ہیں۔‘

گورنر کے مطابق ’کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘ حاجی غلام علی نے زخمیوں کے لیے خون کے فوری عطیات کی اپیل بھی کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے بیشتر پولیس اہلکار ہی ہیں۔

کمشنر پشاور کے مطابق ’متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں اورزخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔‘

پولیس لائن کا علاقے پشاور میں انتہائی حساس ہے اور یہاں پولیس افسران و انتظامیہ کے دفاتر اور پولیس اہلکاروں کی رہائش گاہیں موجود ہیں۔

پولیس لائن کا علاقہ پشاور شہر کے اہم اور حساس علاقوں میں سے ایک گردانا جاتا ہے۔ پولیس لائن شہر کی اہم شاہراہ خیبر روڈ پر واقعہ ہے۔ پولیس لائن سے ملحقہ شاہراہ سے ایک راستہ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کی جانب جاتا ہے جبکہ اس کے دائین جانب سول سیکریٹریٹ کی عمارت موجود ہے۔

جبکہ پولیس لائن کے عقبی جانب پشاور کی سینٹرل جیل بھی واقع ہے۔ پولیس لائن کا علاقہ ایک ہائی سیکورٹی زون قرار دیا جاتا ہے اور یہاں ہر آنے اور جانے والی کی تلاشی لی جاتی ہیں۔ مختلف جگہوں پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

اگر خیبر روڈ پر کچھ آگے جائیں تو وہاں جوڈیشل کمپلیکس اور کے ساتھ پاشور ہائی کورٹ کی عمارت بھی موجود ہے جبکہ اس کے سامنے کور کمانڈر ہاؤس اور (سابقہ پرل کانٹینینٹل) سرینا ہوٹل کی عمارت موجود ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here