یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے تشکیل دیئے گئے عرب اتحاد نے یمن میں دو ہفتے کے لیے مکمل اور جامع جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ یمن میں جنگ بندی کا اعلان کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن میں جنگ بندی آج جمعرات نو اپریل سے رات 12 بجے 09 اپریل دو دو ہفتے کے لیے نافذ کردی گئی ہے۔ جنگ بندی میں حالات کے پیش نظر توسیع کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ یمن میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے متعدد بار متحارب فریقین، یمن کے حوثی باغیوں اور یمنی حکومت سے اپیل کی گئی تھی۔ یمن کے لیے اقوام متحدہ کےخصوصی ایلچی مارٹن گریفیتھس کی کوششوں سے جنگ بندی عمل میں لائی گئی ہے۔ یمن میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ تمام فریقین میں تنازع کے سیاسی حل کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
میڈیاسے بات کرتے ہوئے کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ جنگ بندی صرف یمنی قوم کے لیے کی گئی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یمن میں حوثی باغی بھی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کریں گے۔ ان کا کہناتھا کہ یمن کے تنازع کا سیاسی حل دیگر تمام آپشنز سے زیادہ مفید اور بہتر ہے۔ کرنل المالکی نے کہا کہ کرونا کی وباءسے نمٹنے کے لیے عرب اتحاد یمنی حکومت کی ہرممکن مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کے لیے امدادی مشن جنگ اور فوجی کارروائیوں پر مقدم ہے۔