نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان : چین نے تائیوان کے گرد گھیرا تنگ کردیا

0
210

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورے کے بعد چین کی جانب سے تائیوان کے گرد شروع ہونے والی جنگی مشقوں کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری ہے۔

تائیوان کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ متعدد چینی بحری جہازوں اور طیاروں نے مسلسل دوسرے دن آبنائے تائیوان میں تائیوان اور چینی سرزمین کو تقسیم کرنے والی غیر رسمی لکیر’میڈیئن لائن‘ عبور کی ہے۔ تاہم چین کے سرکاری میڈیا پر ان مشقوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ادھر چین نے سپیکر پلوسی اور ان کے اہلخانہ پر پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

چین کے وزیرِ خارجہ وینگ یی نے کہا ہے کہ نینسی پلوسی نے چین کے داخلی امور میں سنگین مداخلت کی ہے اور چین کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی نے ’ون چائنا‘ کے اصول کو بھی پامال کیا ہے اور آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

بیان کے مطابق نینسی پلوسی کے ان اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے ’چین نے پلوسی اور ان کے اہلخانہ پر چین کے مروجہ قوانین کے تحت پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

اس سے قبل نینسی پلوسی نے کہا تھا کہ چین امریکی سیاستدانوں کو تائیوان جانے سے روک کر اسے ’تنہا نہیں کر سکتا۔‘ جبکہ تائیوان کے وزیرِ خارجہ جوزف وو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک وہ آخری حصہ نہیں بنے گا جو چین کا توسیع پسندی کا خواب پورا کرے۔

تائیوانی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد چینی بحری جہازوں اور طیاروں نے جمعے کو ایک مرتبہ پھر میڈیئن لائن عبور کی۔ جمعے کو چین کے جزیرہ پنگٹین کے اوپر چینی جنگی جہازوں کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا جو میزائلوں سے لیس تھے۔

پنگٹین چینی سرزمین کا وہ جزیرہ ہے جو تائیوان کے قریب ترین ہے۔ جمعرات کو چین نے یہیں سے تائیوان کے گرد چھ بیلسٹک میزائل لانچ کیے تھے اور جمعرات کو ہی یہاں جنگی ہیلی کاپٹرز کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

چین نے بیجنگ میں موجود جی سیون ممالک اور یورپی یونین کے سفیروں کو طلب کر کے تائیوان کے گرد جاری اپنی جنگی مشقوں کے خلاف بیانات پر احتجاج کیا ہے۔

واضح رہے کہ چین نے جاپان کے ساتھ وزرائے خارجہ کی طے شدہ ملاقات بھی جی سیون کے بیان پر احتجاجاً منسوخ کر دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بیجنگ ’یکطرفہ طور پر سٹیٹس کو تبدیل کرنے‘ سے باز رہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here