بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان

0
235

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو سہولیات اور مشینری کی فراہمی کی بجائے لوٹ مار میں مصروف ہے۔

ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن مطالبات کی منظوری کانوٹیفکیشن نہ ہونے کے خلاف جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریگی۔

یہ بات انہوں نے پیر کو پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے صدر جمال شاہ کاکڑ،ڈاکٹر بہار شاہ،ڈاکٹر جلیل ریکی،ڈاکٹر رحیم بابراوردیگر نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مشینری اورسہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف گزشتہ 6ماہ سے احتجاج پر ہیں اس دوران ڈاکٹرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اورانہیں گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ حکومت نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے ہم سے مذاکرات کئے لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے وہ لوٹ مار میں مصروف ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزرائعوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے وزیراعظم کو بچانے کیلئے اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے اپنے مفادات کیلئے نہیں بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید مشینری اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے احتجاج شروع کر رکھا ہے سول ہسپتال کی انجیو گرافی مشین خراب پڑی ہے جبکہ ایم آر آئی مشین ابھی تک نہیں آئی ہے جس کی وجہ سے غریب مریض پرائیویٹ ہسپتالوں سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ٹیکنیکل پوسٹوں پرنان ٹیکنیکل افراد کوتعینات کیا گیا ہے ہمارامطالبہ ہے کہ ٹیکنیکل پوسٹوں پر ٹیکنیکل افراد کو تعینات کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم سے کہا کہ وہ صوبے کے ٹریژری کیئر ہسپتالوں میں مشینری اور سامان کی فراہمی کو یقینی بنادیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف جمعرات کوسول ہسپتال کوئٹہ سے ایک ریلی نکالی جائے گی اور وزیراعلیٰ ہاوس کاگھیراؤ کیا جائے گا اور یہ گھیراو تب تک جاری رہے گا جب تک مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کردیا جاتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here