پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع

0
236

پاکستان میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور سابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سوچ سمجھ کر تحریک عدمِ اعتماد لائی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد عوام کی خواہشات کے مطابق لا رہے ہیں اور اگر اب یہ تحریک نہ لاتے تو عوام نے ہمیں کبھی معاف نہیں کرنا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کو 172 اراکین سے زائد کی حمایت حاصل ہے کیوں کہ حکومت کے اپنے لوگ حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دے کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحریکِ عدم اعتماد کسی کے ذاتی مفاد کے لیے نہیں لائے بلکہ یہ قومی مفاد میں ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کے مقبول نعرے نہیں چلیں گے۔ عوام اُن کی حقیقت جان چکی ہے اور اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں وزارتِ عظمیٰ کے اُمیدوار کے حوالے سے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اپوزیشن متفقہ فیصلہ کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here