ٹی ایل پی کا مارچ روکنے کیلئے گوجرانوالا کے قریب خندقیں کھود دی گئیں

0
165

لاہور سے اسلام آباد کی طرف بڑھنے والا کالعدم مذہبی تنظیم کا جلوس سادھوکی پہنچ گیا، مارچ روکنے کے لیے جی ٹی روڈ پر گوجرانوالا کے قریب خندق کھود دی گئی۔

جی ٹی روڈ بند ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں، مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

کالعدم تنظیم کے جلوس کے پیش نظر گوجرانوالا آنے اور جانے والے راستے بند کردیے گئیہیں، جی ٹی روڈ پرکرین کی مدد سے گہرا اور لمبا گڑھا کھود دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف کنٹینر رکھ کر روڈ بند کیا گیا ہے، گوجرانوالا آنے جانے کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

سعودی عرب کے دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو متحدہ عرب امارات سے فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی جس کے بعد وہ لاہور پہنچ گئے۔

پنجاب کے سینیئر وزیر راجہ بشارت کے مطابق مظاہرین کی قیادت میں سے چار افراد سے رابطے ہوئے ہیں، مظاہرین کی قیادت سے تین روز میں چار مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری لاہور پہنچے ہیں۔

شیخ رشید کو ہنگامی طور پر دبئی سے واپس بلایا گیا ہے، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اتوار کو ہونے والا پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے دبئی گئے ہوئے تھے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کہتے ہیں کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کے لاہور پہنچنے کے بعد ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کو مظاہرین سے ہر صورت محفوظ رکھا جائے گا اور انہیں دارالحکومت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس کے 30 ہزار جوانوں کو دارالحکومت طلب کرلیا گیا ہے۔

لاہور میں میٹرو اور اورنج لائن ٹرین چوتھے روز بھی بند رہی، میٹرو بس سروس کے روٹ کو محدود کردیا گیا۔

ادھر راولپنڈی میں سکستھ روڈ سے فیض آباد تک مری روڈ بند ہے، مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی پل بند کردیا گیا ہے۔

ان علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں، سڑکیں بند ہونے سے طالب علموں کو اسکول جانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ مریضوں کی اسپتال منتقلی بھی مشکل ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں میں جھڑپوں میں 3 پولیس اہلکار شہید اور ایس ایچ او سمیت 10 اہل کار زخمی ہوگئے تھے۔

جلوس کے لاہور سے نکلنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال ہونے لگی اور متعدد سڑکیں بھی کلیئر ہوگئیں۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ایل پی نے گزشتہ چند دنوں سے لاہور اور ملتان میں دھرنا دے رکھا تھا اور گذشتہ روز انہوں نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تنظیم کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کو رہا کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here