سکھر میں مسلح افراد نے صحافی کو قتل کردیا

0
385

سکھر میں ایک نجی نیوز ٹی وی چینل سے منسلک صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

رائل نیوز ٹی وی سے وابستہ اجے لالوانی پر مسلح افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ ایک نائی کی دکان پر بیٹھے تھے۔

حملے کے نتیجے میں صحافی زخمی ہوئے جس پر انہیں سکھر کے سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

دوسری جانب حملہ آور موقع سے بآسانی فرار ہونے میں کامیاب رہے جبکہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے بالخصوص صحافی برادری میں افراتفری مچ گئی۔

مذکورہ واقعے پر سندھ جرنلسٹس کونسل نے وزیراعلیٰ سندھ اور انسپکٹر جنرل سے اپیل کی کہ اجے لالوانی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔

دو روز قبل سما ٹی وی سے تعلق رکھنے والے ساحل جوگی کو اس وقت پولیس نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جب وہ جامعہ سندھ کے طالبعلم عرفان جتوئی کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے خلاف احتجاج کو کررہے تھے۔

سکھر پولیس نے ساحل جوگی اور دیگر صحافیوں کے خلاف دہشت گردی سمیت فوجداری دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کیے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ برس سندھی نیوز چینل ’کے ٹی این‘ اور اخبار ’کاوش‘ سے وابستہ سینئر صحافی عزیز میمن کی لاش 16 فروری کی سہ پہر نوشہرو فیروز کے نواحی شہر محراب پور کی ایک نہر سے برآمد ہوئی تھی جس پر تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔

پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) میڈیا فریڈم رپورٹ 2020 کے مطابق گزشتہ سال اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے کم از کم 10 پاکستانی صحافیوں کو قتل کیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ ایک سال کے دوران صحافیوں کو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے سلسلے میں انتہائی دباو¿ کا سامنا بھی رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here