ن لیگ چھوڑکرقادر بلوچ نے اپنی سیاست کو تباہ ، عزت کو مجروح کیا، شاہد خاقان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کے بیان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر نے اپنی سیاست کو تباہ اور عزت و وقار کو مجروح کیا۔

اپنے بیان میں عبدالقادر بلوچ کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ کا بیان بدقسمتی ہے، مجھے ان سے یہ توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ نے اپنی سیاست کو تباہ کیا ہے، جو عزت و وقار تھا اسے مجروح کیا ہے، اصل حقیقت سے وہ بھی واقف ہیں اور میں بھی واقف ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جلسے میں ثنااللہ زہری کو مدعو نہ کرنے کو پی ڈی ایم کے بیانیے سے ملانا قطعاً غلط اور جھوٹی بات ہے، وہ اگر پارٹی چھوڑنا ہی چاہتے تھے تو استعفیٰ دے دیتے بات ختم ہوجاتی، جس پارٹی میں رہے جس نے انہیں عزت دی، آج وہ اس عزت کی لاج نہ رکھ سکے یہ سب سے افسوسناک ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست میں راہیں جدا ہوتی ہیں لیکن عبدالقادر بلوچ جس بیانیے کی بات کر رہے ہیں اس کا کبھی مجھ سے یا کسی اور پارٹی رہنما سے ذکر نہیں کیا، نواز شریف کے’ملک آئین اور قانون کے مطابق چلے گا‘ کے بیانیے سے پورا پاکستان اتفاق کرتا ہے، عبدالقادر بلوچ کو اتفاق نہیں تھا تو جماعت کے اندر بات کرتے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ کی مجھ سے ذاتی طور پر گفتگو رہی ہے لیکن مجھ سے انہوں نے کبھی بات نہیں کی، ان باتوں کو ذاتی بنانا عبدالقادر بلوچ کی اپنی سیاست کی بدنامی اور ناکامی ہے، ان کی باتیں پی ڈی ایم کے بیانیے کو تقویت پہنچاتی ہیں اور جو ہماری صفوں میں نہیں تھے آئین کی بالادستی نہیں چاہتے، آج اپنے اصل گھر پہنچ چکے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment